نئی دہلی،17/ جون (آئی این ایس انڈیا) لداخ کے وادی گلوان میں پیر کے روز ہندوستانی فوج کے چینی فوجیوں کے ساتھ تصادم میں 20 فوجی ہلاک ہوگئے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وادی میں گلوان میں فوجیوں کا گنوانا بہت پریشان کن اور افسوسناک ہے۔ ہمارے فوجیوں نے ڈیوٹی کی انجام دہی کے دوران ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنی جانیں قربان کیں۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک اپنے فوجیوں کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ شہید فوجیوں کے لواحقین کے ساتھ میری ہمدردی ہے، ملک ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔ دریں اثنا وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے تینوں آرمی چیف (آرمی، نیوی اور ایئر فورس) اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے ساتھ میٹنگ کی۔ انہوں نے موجودہ صورتحال پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی بات کی۔